عظمیٰ نیوزسروس
سانبہ// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر ایک پاک درانداز کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی شام بی ایس ایف کی 125-بٹالین کے اہلکاروں نے سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک شخص کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی جو پاکستان کی طرف سے بھارتی حدود سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فوجیوں کی طرف سے چیلنج کیے جانے کے باوجود، وہ شخص سرحد کی طرف بڑھتا رہا جس نے سیکورٹی فورسز کو اسے گولی مارنے پر مجبور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔