عظمیٰ نیوزسروس
سانبہ//بارڈر سیکورٹی فورس نے اتوار کو جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد تلاشی مہم شروع کی۔ حکام نے بتایا کہ پاکستانی ڈرون کو مبینہ طور پر لاپتہ ہونے سے پہلے صبح 6.30بجے رام گڑھ سیکٹر کے گاؤں کرالیان پر منڈلاتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کے دستوں نے فوری طور پر گاؤں اور ملحقہ علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سرحد کے اس پار سے ہتھیاروں یا منشیات کو ہوا سے نہیں گرایا جا رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔