سرینگر //پشو و بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ایک میٹنگ میں داچھی گام سے شیپ بریڈنگ فارم کو کھمبر منتقل کرنے کے عمل کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری ، ایڈیشنل کمشنر کشمیر ، چیف سانجینئر تعمیراتِ عامہ اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ کھمبر پروجیکٹ کا جائیزہ لیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ کھمبر میں نبارڈ کی فنڈنگ سے یہ شیپ فارم قایم کیا جا رہا ہے جس کیلئے این او سی جاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے نبارڈ کو جلد سے جلد رقومات کی پہلی قسط واگذار کرنے اور باقی ماندہ دو قسطوں کو بھی وقت پر واگذار کرنے کی ہدایت دی تا کہ مذکورہ پروجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے ۔ ڈاکٹر سامون نے لاوڈا کے سیکرٹری کو مذکورہ فارم کی تار بندی کیلئے این او سی جاری کرنے کے علاوہ تعمیراتِ عامہ کے چیف انجینئر کو کاموں میں سرعت لا کر فارم کو جلد سے جلد قابلِ کار بنانے کی ہدایت دی ۔ ایک اور میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری نے ٹرانسپورٹ محکمے کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے پرائیویٹ ٹرانسپورٹروں کو خراب شدہ گاڑیوں کے عوض نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے 5لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں ایس آر ٹی سی کمپلیکس کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ سیکریٹری کو بتایا گیا کہ مذکورہ جگہ پر تہذیب محل کی تعمیر سے کام رُک گیا تھا البتہ تہذیب محل پروجیکٹ کو منسوخ کیا گیا ہے اور ایس آر ٹی سی کمپلیکس پر انڈین آئیل کارپوریشن کی فنڈنگ سے کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 200 ٹرانسپورٹروں کو نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی ۔ میٹنگ میں آر ٹی اوکشمیر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے شیپ ہسبنڈری محکمے کے کلینڈر کو بھی جاری کیا ۔