عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساتھرہ گلی پنڈی کی عوام نے پیر کو انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے ساتھرہ تا گلی پنڈی چھ کلو میٹر سڑک کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کا انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔عوام نے کہا کہ بیس برس قبل سرکاری کی جانب سے محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر تحت ساتھرہ تا گلی پینڈی چھ کلو میٹر سڑک کا تعمیری کام شروع کیا گیا تھا جو آج تک مکمل نہ ہو سکا ۔مکینوں کا کہنا تھا یہ سڑک ساتھرہ گلی پینڈی بانڈی اور دوسرے دور دراز علاقوں کے پندرہ ہزار سے زائد آبادی کے لئے تعمیر کی جا رہی تھی مگر دودہائیاںگزر جانے کے بعد بھی سڑک کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کے لوگوں نے متعدد بار چندہ جمع کر کے اس سڑک کی تھوڑی تھوڑی تعمیر کی ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار سڑک کی تعمیر کے حوالے سے انتظامیہ اور متعلقہ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کے نوٹس میں بھی لایا مگر اس کے باوجود بھی عوام کی اس بنیادی سہولت کو پورا نہیں کیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا اگرچہ محکمہ تعمیرات عامہ نے کسی حد تک سڑک کو تعمیر بھی کیا ہے مگر اس سڑک پر گاڑی کا چلنا دور ٹریکٹر اور ٹرالی بھی نہیں سفر کر سکتی۔ محمد دین اور امتیاز احمد نامی مکینوں نے بتایا کہ ساتھرہ تا گلی پینڈی چھ کلو میٹر سڑک کی تعمیر گزشتہ دو دہائیوںسے کی جا رہی ہے مگر ابھی تک سرکار کی جانب سے اس سڑک کی تعمیر کو مکمل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں مجبور احتجاج کرنا پڑ رہا ہے تاکہ انتظامیہ ان کے اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور جلد اس سڑک کی تعمیر کو مکمل کرئے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے کئی بار اس معاملے کو انتظامیہ کے ہر آفسر کے نوٹس میں لایا مگر انتظامیہ کے آفسران نے عوامی مانگ کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے محکمہ کو متحرک کیاجائے ۔