عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // سپریم کورٹ نے جمعرات کو سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن(سی بی آئی)کی طرف سے اس وقت کے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلراور ان کے پرسنل سکریٹری عبدالغنی کے اغوا اور قتل کیس میں کالعدم جموں اینڈ کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے ارکان کی بریت کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کردیا۔اس اپیل کو جسٹس ابھے ایس اوکا اور اجل بھویان کی بنچ نے خارج کر دیا ہے جس نے سی بی آئی کیس میں کوئی میرٹ نہیں پایا جو کالعدم دہشت گردی اور خلل انگیز سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ 1987 کے تحت درج کیا گیا تھا۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اسے “خصوصی عدالت کی طرف سے مدعا علیہان، محمد سلیم زرگر عرف فیاض اور دیگر کو بری کرنے کے نظریہ” میں کوئی خامی نظر نہیں آتی۔یہ اپیل وائس چانسلر اور ان کے پرسنل سیکرٹری عبدالغنی کے معاملے میں سامنے آئی ہے جنہیں 6 اپریل 1990 کو عسکریت پسندوں نے اپنے ساتھیوں کی رہائی کے لیے اغوا کیا تھا۔ اس کے بعد ان کے مطالبات پورے نہ ہونے پر انہیں اسی سال 10 اپریل کو قتل کر دیا گیا۔اس سے قبل چھ افراد عبدالعزیز ڈار، غلام قادر میر، شبیر احمد بٹ، محمد صادق راتھر، مشتاق احمد خان اور محمد سلیم زرگر پر رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 118/302/368/365 اور TADA ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ملزمان کو 20 اپریل 2009 کو خصوصی عدالت نے بری کر دیا تھا، جس نے قرار دیا تھا کہ استغاثہ اپنا جرم ثابت نہیں کر سکا اور استغاثہ کے گواہوں کے شواہد اور اعترافی بیانات کو مسترد کر دیا۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ بی ایس ایف کیمپ یا مشترکہ تفتیشی مرکز (جے آئی سی)میں اعترافی بیانات کو آزادانہ نہیں کہا جا سکتا۔عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ زرگر کو سری نگر کے بی ایس ایف کیمپ میں رکھا گیا تھا جہاں اس کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا گیا اور ملزم مشتاق احمد خان اور محمد صادق راتھر کے اعترافی بیانات کو بھی مسترد کر دیا۔