سرینگر //قصبہ ترال سے تعلق رکھنے والے ایک دکاندار اور سابق حزب جنگجو پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر کے انہیں جموں منتقل کیا گیا ۔ ہلال احمد دھوبی سا کن ہمدانیہ بازار،جو کہ پیشے سے دکاندار ہے، کے علاوہ ایک سابق حزب جنگجو آ رزو بشیرنجار ولد بشیر احمد نجارساکن مندورہ ترال پر پولیس نے پی ایس اے عائد کرتے ہو ئے انہیں جموں جیل منتقل کیا ۔ ہلال احمد نجار کو گزشتہ اتوار کو پولیس نے حراست میں لیا تھا جبکہ سابق جنگجو آر زو بشیر گزشتہ سال اکتوبرسے پولیس حراست میں تھا ۔ہلال احمد دھوبی کے اہلخانہ نے بتایا کہ انہیں پولیس نے بے بنیاد الزامات کے تحت نظر بند کر دیا ہے ۔دھوبی کے والد غلام محی الدین نے کہا کہ میرا بیٹا معصوم اور بے گناہ ہے اور بے بنیاد الزامات میں اسے حراست میں رکھا جارہا ہے ۔ ایس ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد ملک نے کہا کہ دو نوں افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گر فتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آر زو بشیر نجار سابق جنگجو تھا جو پہلے سے ہی زیر حراست تھا جبکہ ہلال احمد دھو بی کے متعلق یہ واضح ہے کہ اس کے جنگجوئوں کے ساتھ قریبی روابط تھے اور فی الوقت جنگجوئوں کے بالائی زمین کارکن کی حیثیت سے کام انجام دے رہا تھا۔