سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’پائیدار زراعت کیلئے ورمی کمپوسٹنگ ٹیکنالوجی‘ اورسائنسی طرز پرسبزیوں کی کاشت،چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی پیداوار، معیار اور آمدنی کو بہتر بنانے‘ کے موضوع پر انٹرپرینیورشپ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیت کا اہتمام سکاسٹ کے سبزی سائنس کے ڈویژن اور باغبانی کی فیکلٹی نے وزارتِ مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز حکومت ہند کی سرپرستی میں کیا ، جس کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کے لیے بااختیار بنانا ہے۔ورمی کمپوسٹنگ کی تربیت میں، دھوبی ون اور قریبی علاقوں سے کل 25 شرکاء نے حصہ لیا، جنہوں نے پائیدار زراعت کیلئے ورمی کمپوسٹنگ ٹیکنالوجی میں قابل قدر جانکاریاں حاصل کیں۔ ڈاکٹر امیہ ایچ مسعودی، یونیورسٹی میں ویجی ٹیبل سائنس کے ڈویژن میں اسسٹنٹ پروفیسر اور کورس کوآرڈی نیٹر نے مہارت پر مبنی تربیت اور انٹرپرائز کی ترقی کو فروغ دینے میں یونیورسٹی اور MSME کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے دوران تمام شرکاء میں مختلف قسم کے زرعی آلات، بیج اور اسٹیشنری کٹس کے ساتھ ساتھ ورمی کمپوسٹ کے تھیلے بھی تقسیم کیے گئے۔