عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار جاوید احمد ڈار نے کل کہا کہ ضلع اِنتظامیہ شوپیاں کی جانب سے سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ( ایس ڈِی آر ایف) کے اصولوں کے تحت اَب تک 3,145 متاثرہ باغبانوں کو 87.98 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔وزیرموصوف ایوان میں رُکن اسمبلی شوکت حسین گنائی کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ ستمبر 2024 ء کے دوران زینہ پورہ حلقے کے 24 دیہات میں سیب کی فصل کوژالہ باری کے باعث نقصان پہنچا۔ چیف ہار ٹی کلچر آفیسر شوپیاں، محکمہ مال اور زراعت کے افسران نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے مشترکہ طور پر سروے کیا اور اَپنی رِپورٹ 28 ؍اکتوبر 2024 ء کو ضلع اِنتظامیہ شوپیاں کو پیش کی تاکہ آفاتِ سماوی کے تحت متاثرہ کاشت کاروں کو معاوضہ فراہم کر کے اُن کے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے۔