حسین محتشم
پونچھ//گزشتہ سالوں کی طرح اس بھی زیارات سادات جیلانیہ پرانی پونچھ پر سالانہ عرس کا انعقاد کیا گیاجس میں عقیدت مندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔عرس کی تقریبات صاحبزادہ پیر سید محمد عارف رضوی اور ظہران میاں عرف مونس میاں کی قیادت میں منعقد ہوئی۔بتادیں کہ ہفتہ کی رات ختم انبیاء پڑھا گیا علاوہ از ایں ذکر و فکر کی محافل بھی منعقد ہوئیں۔ عرس شریف کی محفل کا اغاز ہوتے ہی عقیدتمندوں نے زیارات پر حاضری دینا شروع کی اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا اس موقع پر المدینہ ویلفیئر ٹرسٹ پونچھ کے زیر اہتمام چل رہے ادارہ جامعہ معینیہ رضویہ کے چار حفاظ ،حافظ محمد شفیق ولد محمد رفیق، حافظ اعجاز احمد ولد کبیر دین حافظ محمد شفیق ولد نذیر حسین اور حافظ محمد عرفان کے سروں پر دستارِ حفظ سجائی گئی۔ اس موقع پر مقامی علماء کرام کے ساتھ ساتھ مولانا مفتی شکیل ثقافی نے خصوصی بیان کیا انہوں نے تعلیمات اولیاء پر قران و حدیث کی روشنی میں مفصل بیان کیا۔ عرس کے اس بابرکت موقع پر مزارات کے گرد و نواح شجرکاری مہم بھی چلائی گئی جس کا باقاعدہ آغاز حضرت پیر مونس میاں نے کیا۔ پیر طریقت حضرت سید محمد عارف کی فاتحہ خوانی بھی ہوئی۔ زائرین کے لئے کھانے پینے اور رہنے سہنے کا مکمل انتظام المدینہ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کیا گیا تھا اس پورے پروگرام کے متعلق المدینہ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی عبدالعزیز میر نے بتایا کہ یہاں پر ٹرسٹ کے بینر تلے کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں جس کے لئے کچھ رقم بطور قرض بھی لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ یہ متبرک جگہ آباد رہے یہاں عوام آئے اور فیض یاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے پروگرام میں آنے والے سبھی علماء حفاظ سادات حجاج و عوام کا میں شکر گزار ہوں انہوں نے ایم ایل اے حویلی اعجاز جان کا بھی یہاں حاضری کے لئے شکریہ ادا کیا اور ایک اہم پیغام بھی دیا کہ اس قبرستان کے ارد گرد جانگیر حسین میر کی قیادت میں ہونے والی شجرکاری مہم میں عوام بھی حصہ دار بن سکتی ہے وہ یہاں اپنے نام کا پیڑ لگانے کیلئے ٹرسٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہاں زیارت پر اعلی شان گنبد بن چکا ہے بے مثال جدید مسجد جیلانی بن گئی ہے۔قبرستان کی چار دیواری بھی کی گئی ہے۔ جامعہ معینیہ رضویہ بھی یہاں قائم ہے اور لنگر غوثیہ کا بھی اہتمام ہے ہر جمعہ رات کو ان مزارات پر خصوصی ذکر و دعا کی محفل منعقد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا تمام اہل اسلام سے اپیل ہے کہ ان مزارات پر حاضری بھی دے یہاں کے اولیاء کرام کے فیوض و برکات حاصل کریں اور ٹرسٹ کی معاونت بھی کریں۔