ڈوڈہ//ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے زونل ایجوکیشن آفس بٹیاس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران مستقل ہونے والے چھ رہبرِ تعلیم اساتذہ میں مستقلی کے آرڈس تقسیم کئے ۔اس موقع پر زیڈ ای او بٹیاس کے علاوہ اساتذہ اور مقامی معززین کی ایک اچھی خاصی تعداد بھی موجود تھی۔سروڑی نے مستقل ہونے والے اساتذہ کو مبارک باد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ مستقل ہونے کے بعد اور زیادہ محنت کریں گے اور اپنے اپنے اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ایک استاد کامقام و مرتبہ بہت اونچا ہے اور اُسے معمارِ قوم کہا جاتا ہے۔اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے مقام و مرتبہ اور اپنے پیشے کی عظمت کو سمجھیں اور اُس کا حق ادا کریں۔اُنہوں نے کہا کہ استاد کی شخصیت کا اثر براہِ راست اُن بچوں پر پڑتا ہے جو ہمارا مستقبل ہیں لہٰذا اساتذہ اگر اعلیٰ کردار کے مالک ہوں تو ہماری آنے والی نسل بھی باکردار ہو گی۔سروڑی نے کہا کہ سابق ریاستی وزیرِ اعلیٰ غلام نبی آزادکے دور میں جب اُنہیں وزیرِ مملکت برائے تعلیم کا قلمدان سونپا گیا تھا تو اُنہوں نے آزاد صاحب کی مدد سے چناب خطہ میں ایک ہزار سے زائد نئے پرائمری اسکول قائم کئے تھے، 300مڈل اسکولوں کو ہائی اسکول اور52ہائی اسکولوں کو ہائر اسکنڈری کا درجہ دیا تھا اورہزاروں رہبرِ تعلیم اساتذہ تعینات کئے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ موجودہ ریاستی وزیر تعلیم الطاف بخاری بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور وہ محکمہ میں پائی جانی والی خامیوں کو دور کرنے اور اس میں نئی جان ڈالنے کی کوشش کر رہیں ہیں اور اس کے اچھے نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کام چاہے جو بھی کرے پارٹی سطح سے بالا ہو کر اُس کا اعتراف کیا جانا چاہیے ۔اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد اساتذہ کو مڈ ڈے میل اور سے جیسے دیگر اضافی کاموں سے فارغ کیا جائے گا تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ زیڈی ای او آفس بٹیاس میںعملہ کی قلت کا معاملہ وہ ریاستی وزیرِ تعلیم کے ساتھ اُٹھائیں گے اور یہاں ضرورت کے مطابق عملہ تعینات کرنے پر زور دیا جائے گا۔اُنہوں نے زیڈ ای او کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زون کے اسکولوں کا دورہ کریں اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ہر اسکول کی حاضری رپورٹ طلب کریں اور اس کے لئے سوشیل میڈیا کا بھی استعمال کریں۔اُنہوں نے سیزنل اسکولوں سے متعلق زیڈ ای او کو ہدات کی کہ سیزنل ٹیچرس کی تعیناتی کے لئے درخواستیں مارچ کے مہینے میں طلب کی جائیں،اپریل میں اُنہیں تعینات کیا جائے اور یکم مئی سے اُنہیں ڈیوٹی دینے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ مال مویشی کے ساتھ جانے والے کنبوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تعلیم کا نقصان نہ ہو۔اس موقع پر زیڈ ای او اور اساتذہ نے اُنہیں درپیش مسائل سے ایم ایل اے کو آگاہ کیا۔سروڑی نے اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا ازالہ کروانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔