غلام نبی رینہ
کنگن //سونہ مرگ لداخ شاہراہ پر زوجیلا پاس کے نزدیک ہفتہ کو ایک ٹرک کے گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور اور کنڈکٹر ہلاک ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ لداخ سے سرینگر کی طرف آرہا ایک ٹرک زیر نمبر JK02AH/7837 مندر موڈ زوجیلا کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور محمد شبیر ولد مخرو الدین ساکن کیول بدہول راجوری اور کنڈیکٹر راجہ جاوید ولد راجہ غلام اختر ساکن کرناہ کپوارہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف گنڈ، فوج اور سونہ مرگ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئے اور بچائو کارروائی شروع کی۔ کافی مشقت کے بعد دونوں لاشوں کو برآمد کرکے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ لایا گیا جہاں سے قانونی لوازمات پورا کرکے ان کو آبائی علاقوں میں روانہ کیا گیا۔ سونہ مرگ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرلیا ہے۔