کنگن+پٹن+کپوارہ// زوجیلا، سونہ مرگ ، پٹن اور ہندوارہ میں بھیانک سڑک حادثات میں7افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شہری شدید زخمی ہوا۔ زیرو پوائنٹ زوجیلا سے واپسی کے دوران ایک آلٹو کار زیر نمبر0985 /زوجیلا کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر 500فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں آلٹو کار میں سوار اعجاز احمد راتھر ولد غلام محی الدین راتھر ،سبزار احمد بابا ولد غلام نبی بابا، کونثر احمد پیر ولد طاہر احمد پیر ،شبیر احمد وگے ولد عبدالرحمان وگے ساکن عشمقام اننت ناگ موقعہ پر ہی جان گنوا بیٹھے جبکہ عابد حسین وانی ولد غلام رسول ساکنہ عشمقام اننت ناگ شدید زخمی ہوا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس وہاں پہنچ گئے جہاں پر چار افراد موقعہ پر ہی دم توڑ چکے تھے عابد حسین کو خون میں لت پت ہسپتال پہنچایا گیا ۔ جب اس حادثے میں جاں بحق افراد کی خبر عشمقام اننت ناگ میں پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ پانچوں افراد شال بافی کاروبار سے وابستہ تھے ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس سٹیشن سونہ مرگ شوکت احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آلٹو کار زیرو پوائنٹ سے سونہ مرگ کی طرف آرہی تھی جس کے دوران زوجیلا کے مقام پر اسے حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد موقعہ پر ہی دم توڑ چکے تھے جبکہ ایک افراد کو شدید زخمی حالت میں صورہ میڈیکل انسٹی چوٹ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ ادھر سونہ مرگ میں اتوار کی صبح اس وقت کہرام مچ گیا جب 45سالہ غلام رسول لون ولد عبدالرحمان ساکن واورہ کپواڑہ سڑک پر ایک ٹرک زیر نمبرJK03A-6599کے سامنے بیٹھا تھا کہ اس دوران ٹرک اچانک نکل گیا اور مذکورہ شہری اس کے نیچے آکر شدید زخمی ہوگیا۔اگر چہ وہاں موجود دیگر ڈرائیوروں نے اسے نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں ڈاکٹروں نے اسکی حالت نازک قرار دیکر اسے مزید علاج و معالجہ کے لئے صورہ میڈیکل انسٹی چوٹ منتقل کیا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ بیٹھا ۔ مذکورہ شہری پیشے سے ٹپر ڈرائیور تھا۔پولیس نے لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔سونہ مرگ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لیکر کیس درج کر لیا ہے۔ اس دوران تاپر پائین پٹن میں ایک تیز رفتار ٹپر نے آلٹوK10کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں پرمندر سنگھ ساکن سنگھ پورہ کلان بارہمولہ کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شہری زخمی ہوا۔ زخمی شہری کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سرینگر منتقل کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرلیا ہے۔ دریں اثناء پچکوٹ رامحال کے گلش آ باد محلہ سے تعلق رکھنے والے جرمین صدیق ملک ولد محمد صدیق افطار ی کے بعد گھر سے کہیں جارہا تھا کہ اس دوران وہا ں سے گزر رہا ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے اسے ٹکر مار دی ۔اس موقعہ پر لوگوں نے خون میں لت پت جر مین کو اسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم چند لمحوں کے بعد ہی وہ زخمو ں کی تاب نہ لاکر دم تو ڑ بیٹھا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔