رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج نے قلعہ درال کی تحصیل کے گاؤں راجپور بھاٹہ سے ایک زندہ مارٹر شیل برآمد کر کے اُسے ناکارہ بنا دیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق یشپال سنگھ، جو گاؤں کے رہائشی ہیں، نے اپنے کھیت میں ایک زندہ مارٹر شیل دیکھنے کے بعد فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر مارٹر شیل کو اپنی تحویل میں لے لیا اور بھارتی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ بم ڈسپوزل ٹیم نے شیل کو ایک محفوظ جنگلی علاقے میں لے جا کر کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔مارٹر شیل کو ناکارہ بنانے کے دوران ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس سے علاقے میں ایک لمحے کے لئے خوف و ہراس پیدا ہوا تاہم، فوج اور پولیس کی فوری کارروائی نے صورتحال کو قابو میں رکھا۔علاقہ مکینوں نے پولیس اور فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے واقعات میں مزید احتیاط برتی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو خطرہ نہ ہو۔