کولگام//جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے دیرینہ رکن عبدالسلام کمار ساکن ریڈونی کولگام سنیچرکو شام دیر گئے انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 76سال تھی۔اُن کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،جس کی پیشوائی جماعت کے سینئر لیڈر نذیر احمد رینہ نے کی۔موصوف 2016سے پھیپڑے کے کینسر میں مبتلا تھے۔لواحقین کے مطابق تعزیت پرسی تین دن تک اُن کے آبائی گھر واقع ہمدان پورہ ریڈونی بالا میں منعقد ہوگی۔ مرحوم کا شمارجما عت اسلامی سے وابستہ صف اول کے قائدین میں ہوتا تھا جبکہ مرحوم اپنی نرم مزاجی اوراسلام دوستی کیلئے ضلع کولگام میں مشہور تھے۔اُن کے ساتھی اراکین کا کہنا ہے کہ وہ 60 کی دہائی میں جماعت سے وابستہ ہوئے تھے جس دوران وہ مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے اورضلع کولگام میں پارٹی کے کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔مرحوم کے برادرِ اکبر محمد عبداللہ کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مرحوم سنیچر کو زیادہ علیل ہوگئے جس کے نتیجے میں گھر میں ہی آکسیجن دیا گیا لیکن جب کوئی افاقہ نہیں ہوا تو فوری طور ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ای سی جی کروایا تاہم وہ اس سے قبل ہی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اتوار کی صبح 11بجکر 15منٹ پر اُن کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں مزار شہداء میں اپنے چھوٹے بھائی کے پہلو میں دفن کیا گیا جو رواں جدوجہد میں9جولائی1994کو جاں بحق کیاگیا تھا۔محمد عبداللہ نے کہا کہ مرحوم اپنے علاقے کا پہلا دسویں پاس تھا۔انہوں نے کہا کہ جماعت کے ساتھ وابستگی کے پیش نظر اُنہیں 1985میں اُس وقت کے گورنر جگموہن نے سرکاری نوکری سے برطرف کیا تھا۔جماعت ترجمان کا کہنا ہے کہ مرحوم نے پارٹی کو منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ترجمان کے مطابق مرحوم نے جماعت کے ساتھ وابستہ ہوکر متعدد مصائب کا سامنا کیا اور رواں جدوجہد میں کئی مرتبہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت زینت زنداں بھی بنے تاہم ہمیشہ خدا پرستی،آخرت پسندی اور انسان دوستی پر ثابت قدم رہے ۔ ترجمان نے کہا کہ 1979میںجب ذوالفقار علی بھٹوکو جب پاکستان میں پھانسی کی سزا دی گئی توجماعت کے سینکڑوں اراکین کی طرح وہ بھی ظلم و جبر کا شکار بنے اور اُن کارہائشی مکان نذرِ آتش کیا گیا۔دریں اثناء اُن کے انتقال کی خبر سنتے ہی وادی کے مختلف علاقوں سے زندگی کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد بالخصوص جماعت سے وابستہ اراکین،رفقاء اور قائدین ریڈونی پہنچ گئے جہاں انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ادھر سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے معروف مبلغ، داعی اورتحریک اسلامی کے بے لوث رہنماعبدالسلام کمار کی وفات پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ظفر اکبرنے رواں جدوجہد کے دوران اُن کی اور ان کے خاندان کی طرف سے پیش کی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔بیان کے مطابق سالویشن مومنٹ کے ایک وفدنے ان کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔وفد میںعدنان سلفی،امتیاز احمد اور فاروق احمدشامل تھے۔