کپوارہ/اشرف چراغ /شمالی ضلع کپوارہ میں بدھ کی دوپہر موسم نے اچانک کرو ٹ لی اور ضلع کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ کلاروس اور زرہامہ علاقہ میں بادل پھٹنے سے بھاری پیمانے پر تباہی مچ گئی ۔زرہامہ ترہگام کے پتو کھاہ نالہ میں تغیانی آنے کی وجہ سے نالہ پر تعمیر کئے گئے نصف درجن پل سیلابی پانی کے ساتھ بہہ گئے جبکہ کھیت کھلیانو ں میں فصل تباہ ہوئی ۔
مقامی لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سیلاب کے ریلے نے گجر پتی زرہامہ میں واٹر سپلائی کی 40پائپو ں کو اپنے ساتھ بہا لیا جبکہ بجلی کے کئی کھمبے بھی اکھڑ گئے جس کی وجہ سے پورے علاقہ میںپانی اور بجلی کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے ۔ زرہامہ جمہ گنڈ سڑک کا ایک حصہ مکمل طور تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے گا ڑیو ں کی نقل و حمل بند ہو گئی ۔اس دوران کلاروس کے لسٹیال اور دیگر بستیو ں میں موسلا دھار بارشو ں کا پانی کئی مکانو ں میں گھس گیا جبکہ فصلو ں کو کافی نقصان پہنچا ۔سیلاب سے تباہی کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ آیوشی سدھن ،تحصیلدار ترہگام مدثر سکندر اور محکمہ جل شکتی ،بجلی اور دیگر محکمو ں کے آفیسران زرہامہ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکمو ں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی اور پانی کو فوری طور بحال کریں تاکہ لوگوں کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔