عشرت حسین بٹ
منڈی //پونچھ کی تحصیل منڈی کے لورن علاقہ میں ریچھ نے حملہ کر کے ایک مقامی شخص کو شدید زخمی کر دیا ہے جسے علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لورن کے کھڑپا علاقہ میں ایک شخص اپنے گھر کے نزدیک مکی کے کھیت میں کام کر رہا تھا کہ اچانک ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا جسے بعد ازاں طبی مرکز لورن لایا گیا جہاں سے اُسے ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا وہیں عینی شاہدین نے کہا کہ یہ شخص اپنے گھر کے نزدیک جوںہی مکی کے کھیت میں کام کرنے کے لئے گیااُس کے کھیت میں چھپے ریچھ نے ایک دم اُس پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیخیں سن کر انہوں نے ریچھ کے قبضہ سے مذکورہ شخص کو بچا لیا اور اُسے زخمی حالت میں نزدیکی ہسپتال لے آئے جہاں سے اُسے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا زخمی شخص کی شناخت 60سالہ بشیر احمد ولد رحیم شخ کے طور پر ہوئی ہے۔ رابطہ کرنے پرمیڈیکل سپر نا ٹینڈ نٹ ضلع ہسپتال پونچھ نصرت النساء بھٹی نے بتایا کہ زخمی شخص کے منہ کو ریچھ نے بری طرح سے زخمی کیا ہوا تھا جس پونچھ ہسپتال میں علاج کے بعد مزید علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے ۔