ترال// ترال کے ایک مضافاتی گائوں میں نامعلوم مشتبہ جنگجوئوں نے ایک نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ادھرفورسز نے پلوامہ کے شیخ محلہ نائرہ، ترال اورتجر شریف سوپورعلاقوں میںشبانہ چھاپہ مار کارروائیو ں کے دوران 8نوجوانوں کوگرفتار کیا جبکہ بڈگام میں 3حریت کارکنوں کو تھانوں میں بند کردیا گیاہے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی شام دیر گئے مشتبہ جنگجوئوں نے محسن وانی ولد غلام محمد وانی ساکن ریشی پورہ ترال پر نزدیک سے گولیاں چلائیں ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔مقامی لوگوں نے اسے اسپتال پہنچایا تاہم وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔22سالہ محسن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے تعلیم ادھوری چھوڑ کر میوہ باغات کے دیکھ ریکھ کیساتھ ہی خود کو وابستہ کیا ہوا تھا۔محسن وانی کیایک چچیرے بھائی، جوکہ بینک گارڈ بھی ہے، پر بھی مشتبہ جنگجوئوں نے حملہ کیا تھا۔اس دوران قصبہ ترال کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 8نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ کئی روز کے دوران ابھی تک20نوجواں کی گرفتار عمل میں لائی گئی ہے۔ بڈگام میں گزشتہ رات چھاپے کے دوران فورسز نے حریت کارکن سمیت تین افراد کو بڈگام سے گرفتار کر کے تھانے میں بندکردیا ہے۔ خیال رہے مزکورہ گرفتار شدگان کو گزشتہ دنوں رہا کیا گیا تھا ۔اس دوران 55آر آراور ایس او جی اہلکاروں نے شیخ محلہ نائرہ میں جنگجوئوں کے موجود گی کی اطلاع ملنے کے بعدسوموار بعد دوپہر محاصرے کیاجس دوران گائوں کے اند یا باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے، تاہم بعد میں کئی گھنٹوں بعد محاصرہ ختم کیا گیا۔ ادھر تجر شریف سوپور میں فورسز نے بعد دوپہر بستی کو محاصرے میں لے کر گھر گھر کی تلاشی لی۔تاہم تلاشی کاروائیوں کے دوران کوئی بھی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہو ااور ناہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔