نئی دہلی//ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی) نے گزشتہ 31دسمبر کو ختم ہوئی چھ ماہی کے لئے حکومت کو 280ارب روپے کا عبوری منافع( انٹرم ڈویڈنڈ) دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آربی آئی کے سنٹرل بورڈ کی یہاں پیر کو ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ سنٹرل بنک نے بتایا کہ محدود آڈٹ جائزہ اور مالیاتی سرمایہ فریم ورک کو دھیان میں رکھتے ہوئے بورڈ نے 31دسمبر 2018کو ختم ہوئی چھ ماہی کے لئے حکومت کو 280ارب روپے کا عبوری منافع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مسلسل دوسرا برس ہے جب ریزرو بینک حکومت کو منافع منتقل کرے گا۔ رواں مالی سال میں مالیاتی خسارہ ہدف سے زیادہ ہونے کا دباو جھیل رہی حکومت کے لئے یہ راحت کی خبر ہے۔بجٹ کے بعد آر بی آئی کے سنٹرل بورڈ کی اس پہلی میٹنگ سے صبح وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بھی خطاب کیا۔اس کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے کہاکہ عبوری منافع پر فیصلہ سنٹرل بینک کے بورڈ کو کرنا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ شیوپرتاپ شکلا، فائنانس سکریٹری اجے نارائن جھا، ریونیور سکریٹری اجے بھوشن پانڈیا اور حکومت کے چیف اقتصادی مشیر کرشن مورتی سبرامنیم بھی اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔ ویزیر خزانہ سے بات چیت کے بعد بورڈ کی میٹنگ آگے جاری رہی۔ اس میں موجودہ اقتصادی صورتحال، عالمی اور گھریلو چیلنجوں اور ریزرو بینک کے آپریشن سے وابستہ مخصوص شعبہ پر بات چیت ہوئی۔یو این آئی