عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//انڈین آرمی نے ریاسی ضلع کے سنگڑی اسٹیڈیم میں پیر پنجال ریسلنگ لیگ کا شاندار انعقاد کیا، جس کا مقصد مقامی کمیونٹی میں کھیل اور اتحاد کو فروغ دینا تھا۔ اس مقابلے میں جموں و کشمیر پولیس سمیت راجوری، ریاسی، ڈوڈہ، جموں اور سانبہ اضلاع کے باصلاحیت پہلوانوں نے اپنی قوت، مہارت اور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ میں کل 92 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پانچ مختلف وزن کی کیٹیگریز نے نوجوان اور تجربہ کار پہلوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا، جس سے ہر عمر اور تجربے کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔اس موقع پر کل 367 افراد بشمول وی ڈی سی ممبران، سرپنچ، پولیس اسٹاف اور سابق فوجی اہلکاروں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے شرکت کی۔ مقامی افراد اور کمیونٹی لیڈرز نے کھلاڑیوں کی توانائی اور جذبے کو خوب سراہا۔پیر پنجال ریسلنگ لیگ نے کمیونٹی کے افراد کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا اور انڈین آرمی کی کھیل، ٹیم ورک اور استقامت کو فروغ دینے کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا۔ انڈین آرمی نے اس ایونٹ کو منصفانہ، محفوظ اور کامیاب بنانے کے لئے تربیت یافتہ افسران کی نگرانی میں تمام مقابلوں کو مکمل کروایا۔ آرمی نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر تمام شرکاء ، تماشائیوں اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایسے مزید اقدامات کا عندیہ دیا۔