عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ریاسی ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خصوصی انٹرایکٹو پروگرام ’پریکشا پہ چرچا‘ میں شرکت کی۔یہ پروگرام ڈپٹی کمشنر ندھی ملک کی قیادت میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں ڈی سی آفس کمپلیکس کے مرکزی آڈیٹوریم میں وزیر اعظم کے خطاب کی لائیو اسٹریمنگ کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھدیو سمیال بھی موجود تھے۔چیف ایجوکیشن آفیسر دیپک گپتا اور مختلف تعلیمی و پیشہ ورانہ اداروں کے سربراہان نے اس پروگرام کیلئے بہترین انتظامات کئے تاکہ طلبہ سہولت کے ساتھ اس میں شرکت کر سکیں۔تقریباً 500 طلباء اور اسٹاف ممبران نے اس ورچوئل پروگرام میں شرکت کی۔ طلباء نے پروگرام کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی رہنمائی ان کے لئے انتہائی مفید رہی۔وزیر اعظم نے امتحانی دباؤ سے نمٹنے، لکھنے کی عادت ڈالنے، سوالیہ پرچے کو پہلے غور سے پڑھنے، متوازن طرزِ زندگی اپنانے، صحت مند مقابلے کی اہمیت، اور مثبت سوچ کو فروغ دینے جیسے اہم نکات پر روشنی ڈالی، جو شرکاء کے لئے حوصلہ افزا ثابت ہوئے۔