امن دشمن عناصر کا جموں کو انتشار کی طرف دھکیلنے کا مذموم منصوبہ:منوج سنہا
جموں//ضلع ریاسی میں یاتریوں کو لے جانے والی بس پر ملی ٹینٹ حملے کے بعد، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس ہیڈ کوارٹر، جموں میں خطے میں امن و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے X پر پوسٹ کیا”جموں کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی،میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاسی میں زائرین پر حملہ کرنے والوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو سزا دی جائے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر جموں خطہ کو انتشار کی طرف دھکیلنے کے لیے مذموم منصوبے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاسی حملے کے پیچھے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور سبھی کو سزا دی جائے گی۔ ایل جی سنہا نے کہا، “یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردوں نے بس ڈرائیور پر حملہ کیا جب بس گہری کھائی میں گر گئی، 9 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 18 کو جی ایم سی جموں جبکہ 14 کا نارائن ہسپتال جموں میں علاج کیا جا رہا ہے”۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ بھی خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس وحشیانہ حملے کے ذمہ داروں کو سزا سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو بچایا جائے۔
مہلوکین کو فی کس 10لاکھ
عظمیٰ نیوز سروس
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ریاسی حملے میںجاں بحق ہوئے یاتریوں کے لواحقین کے لئے فی کس 10لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کی منظوری دی ہے۔زخمیوں کا علاج مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے۔ضلعی اِنتظامیہ نے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کیاہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے حملے میں زخمی ہوئے یاتریوں کی عیادت کی جو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموںاور ویشنو دیوی نارائن سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرہ میں زیر علاج ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اُن کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعاکی۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم دُکھ کی اس گھڑی میں یاتریوںکے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کی صحت کی حالت اور اُنہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے ضلعی اور ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ کُنبوں کو بہترین طبی نگہداشت اور تمام ضروری اِمداد کو یقینی بنائیں۔