جموں//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ ریاست میں اس وقت موقعہ پرست سیاسی جماعتوں نے ریاست کی سالمیت، انفرادیت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق نوائے صبح کمپلیکس سرینگر میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ساگرنے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے ، اگر خوانخواستہ کوئی کام ہوتا بھی ہے تو اس کے پیچھے سیاسی مقاصد کارفرما ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کی آواز بن کر ہمیشہ عوامی مسائل اور مشکلات اجاگر کرنے کیلئے اپنا رول نبھاتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اقتدار میں رہ کر اور اقتدار سے باہر بھی لوگوں کی بے لوث خدمت کی ہے ۔ ساگر نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی ریاست دشمن پالیسیوں کو سمجھ کر ان دونوں جماعتوں کیخلاف صف آراءہوجائیں اور دشمنوں کی تمام چالوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔ مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کی وکالت کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تئیں نیشنل کانفرنس کا موقف اٹل ہے جواقتدار میں رہ کر اور اقتدار سے باہر بھی اس مسئلہ کے سیاسی حل کی وکالت کی اور آج بھی کرتے ہیں، ہم نے پارلیمنٹ اور اسمبلی کے ایوان میں بھی مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کو لازمی قرار دیا۔