نئی دہلی//خوراک، سول سپلائیز، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے مرکزی وزیر برائے امور صارفین، خوراک و عوامی تقسیم کاری رام ولاس پاسوان کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست جموں وکشمیر میںامور صارفین محکمہ کے پروجیکٹوں کے لئے مالی امداد طلب کی۔ ریاستی وزیر نے مرکزی وزیر کو ایک میمورنڈم پیش کیا جن میں ریاست جموں وکشمیر کے امور صارفین اور ناپ تول محکمہ سے جڑے مطالبات درج تھے۔ ریاستی وزیر نے کانفونیٹ سکیم کی عمل آوری کے لئے معقول رقومات طلب کیں اور کہا کہ ریاستی حکومت اس سکیم کی عمل آوری کی خواہاں ہے تا ہم اس میں مرکزی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔انہوں نے ریاست میں ناپ تول محکمہ کے لئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے لئے گرانٹ اِن ایڈ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے22 اضلاع میں اس طرح کا بنیادی ڈھانچہ تعلیم کرنے کے لئے8.5 کروڑ روپے کی مالی معاونت لازمی ہے۔ریاست کی جغرافیائی حالت کے تناظر میں ریاستی وزیر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ ریاست میں22 انفورسمنٹ گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ذوالفقار نے ضلع کنزیومر فورم اور سٹیٹ کنزیومر کمیشن کا بنیادی ڈھانچہ وسیع کرنے کے لئے رقومات طلب کیں اور کہا کہ اس طرح کے دو بنچ لیہہ اور راجوری میں بھی قائم کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سٹیٹ کنزیومر ہیلپ لائین نمبرات قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ایک کنزیومر ویلفیئر فنڈ بھی وجود میں لایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے مرکزی سرکار کی جانب سے 7.5 کروڑ روپے درکار ہیں۔مرکزی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاست میں اس محکمہ کا کام کاج بخوبی نبھانے کے لئے چوہدری ذوالفقار علی کی سراہنا کی۔انہوں نے خوراک اور امور صارفین محکمہ سے جڑے معاملات کو حل کرنے کے لئے گرام پنچائتیں منعقد کرانے کی بھی صلاح دی۔