پونے//ریاست کو سیاحتی شعبے کوفروغ دینے کیلئے محکمہ سیاحت کی طرف سے پونے میں کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اونرس فیڈریشن کے اشتراک سے پہلے ونٹر ٹریول شوکا اہتمام کیا گیا تاکہ ٹریول ایسوسی ایشنوں اورذرائع ابلاغ سے تعائون حاصل کیا جاسکے۔شہر کے تقریباً150سرکردہ اوپریٹروں نے شو میں شرکت کی اور کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اونرس فیڈریشن کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی۔اس موقعہ پر کانگریس کے لیڈر اورسابق مرکزی وزیر جے رام رمیش جنہوںنے شو میں شرکت کی،نے کہا کہ کشمیر سیاحت کے لئے انتہائی موزوں جگہ ہے اور یہاں کے لوگ بہت ہی امن پسند اور مہمان نواز ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہر شخص کو قدرتی حسن سے محظوظ ہونا چاہیے اورکشمیری عوام ہر سیاح کا تہہ دل کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں۔پونے کے میر مُکتا تلک نے کشمیر کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر سیر وسیاحت کے لئے ایک محفوظ جگہ ہے اور اگر ہم رات دیر گئے بھی گھروں سے نکلیں گے تو خود کو محفوظ پائیں گے۔انہوںنے پونے کے ٹریول ایجنٹوں پر زوردیا کہ وہ جموںکشمیر میںسیاحتی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دیں۔اس سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ریاض شاہ نے سیاحتی مصنوعات کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔