گاندربل // ریلیف،باز آبادکاری اورپھول بانی کے وزیر جاوید مصطفی میر ،جو ڈسٹرکٹ ڈیولمپنٹ بورڈکے چیئرمین بھی ہیں، نے ضلع گاندربل میں زیر تعمیر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیااور موقع پر ہی ان منصوبوں کے بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر معراج الدین ،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا، ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون، ڈپٹی منیجرجے کے پی سی سی، متعلقہ انجینئر کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔وزیرموصوف نے زیر تعمیر 200 بیڈ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے موجودہ کام کا جائزہ لیا جس پر 52.56 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔وزیر نے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کیلئے جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کو بتایا گیاکہ 22.83 کروڑ رو. کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اب تک 19.74 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ وزیر موصوف نے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جن میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالج صفاپورہ بھی شامل ہے۔اس موقع پر وزیر نے تمام موجودہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔دورے کے دوران کئی عوامی وفود نے ان سے ملاقات کی۔