عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ آج یعنی سنیچر کوسری نگر میں ریاستی درجہ کے لیے پارٹی کی بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے۔جیسا کہ پارٹی نے ریاستی تحریک کو تیز کرنے کا اعلان کیا ہے، جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ آج یعنی سنیچر کو سری نگر میں بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے اور خود بھوک ہڑتال میں تمام ضلعی صدور اور صوبہ کشمیر کے لیے پی سی سی کے ضلعی رابطہ کاروں کے ساتھ شامل ہوں گے۔پارٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے جموں میں یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر اگلے دن یعنی 10 اگست اتوار کو جموں صوبے کے لئے پارٹی کے تمام ضلعی صدور اور ضلعی کوآرڈینیٹروں کے ساتھ بھوک ہڑتال میں شامل ہو کر جموں میں پارٹی کی بھوک ہڑتال کا آغاز بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ توی برج پر مہاراجہ ہری سنگھ جی مجسمہ کے مقام پر صبح 10بجے سے بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر طارق حمید قرہ نے پہلے ہی 28جولائی کو جموں میں ایک پریس کانفرنس میں مکمل ریاست کی بحالی کی جدوجہد کو تیز کرنے کے مرحلہ وار شیڈول کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر پارٹی کی آٹھ ماہ سے زائد طویل تحریک’’ہماری ریاست ہمارا حق‘‘کو مزید تیز کرنے کے لیے دونوں دارالحکومتوں میں بھوک ہڑتال کی خود قیادت کریں گے، جو کہ 19،20اور 21-22جولائی کو پارٹی کی طرف سے منعقدہ سری نگر چلو، جموں چلو اور دہلی چلو کال کے بعد پہلے ہی زور پکڑ چکی ہے اور زیادہ سے زیادہ سیاسی و تجارتی اور مختلف لوگوں کی حمایت حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی 20 اگست کے بعد اس معاملے پر مستقبل کی حکمت عملی اور لائحہ عمل کا جائزہ لے گی اور تیار کرے گی۔