جموں//چیف الیکشن کمشنر سُنیل اروڑہ کی قیادت میںالیکشن کمیشن آف انڈیا کا ایک اعلیٰ سطحی ڈیلی گیشن ریاست کے دو روزہ دورے پر سرینگر پہنچا اور مختلف سیاسی جماعتوں، ریاستی انتظامیہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ 2019 انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ٹیم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے اپنے دورے کا آغاز کیا تا کہ اُن سے انتخابات کے بارے میں رائے حاصل کی جاسکے۔الیکشن کمشنرز سشیل چندرا اور اشوک لواسہ، ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ سکسینہ، ڈائریکٹر جنرل ای سی آئی دلیپ کمار، اے ڈی جی شیپالی شرن، ڈائریکٹر نکھل کمار اور چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر شلیندر کمار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔نیشنل کانفرنس کے ڈیلی گیشن کی قیادت پارٹی کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر، پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے وفد کی قیادت پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمان ویری، انڈین نیشنل کانگریس کے وفد کی قیادت سنیئر پارٹی لیڈر تاج محی الدین، بی جے پی کے وفد کی قیادت سٹیٹ وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر علی محمد میر، سی پی آئی( ایم) کی قیادت ایم وائی تاریگامی، پی ڈی ایف ڈیلی گیشن کی قیادت حکیم محمد یٰسین، ڈیموکریٹک پارٹی نشسلسٹ غلام حسن میر، نیشنل پینتھرس پارٹی کی قیادت سٹیٹ جنرل سیکرٹری منظور احمد نائک، بی ایس پی وفد کی قیادت سٹیٹ جنرل سیکرٹری مشتاق احمد، سی پی آئی ڈیلی گیشن کی قیادت سٹیٹ سیکرٹری غلام محمد شیخ، نیشنل کانگریس پارٹی کی قیادت سٹیٹ وائس پریذیڈنٹ سیف الدین خان اور عوامی اتحاد پارٹی کی قیادت پارٹی کے صدر انجینئر عبدالرشید کر رہے تھے۔سی ای سی نے تمام متعلقین کی گذارشات بغور سُنیں اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ای سی آئی ٹیم نے سول اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ بھی میٹنگ کی جن میں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، اے ڈی جی پی امن و قانون مُنیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر، ایس پی پانی ، ڈپٹی کمشنرز اور کشمیرو لداخ صوبوں کے ضلع پولیس چیف شامل تھے۔
ٹیم نے اس موقعہ پر سول اور پولیس انتظامیہ کے مختلف محکموں کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا جائیزہ لیا تا کہ انتخابات منصفانہ اور شفاف طریقے پر منعقد کئے جاسکیں۔کمیشن نے ریاستی حکام سے کہا کہ وہ پولنگ سٹیشنوں پر تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنائیں تا کہ رائے دہندگان بغیر کسی مشکل کے پولنگ سٹیشن تک پہنچ سکیں۔سی ای سی نے ای ویم ایم، انتخابی مواد کو پولنگ سٹیشنوں تک پہنچانے اور انتخابات کے لئے عملے کی تعیناتی کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔کمیشن نے ریاستی حکام پر زور دیا کہ اُمید واروں کی طرف سے انتخابی عمل میں اخراجات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ لوک سبھا انتخاب کے لئے70 لاکھ اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے28 لاکھ روپے کی رقم کے اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہے۔ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ سکسینہ نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے اُمیدواروں کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ٹیم بعد میں جموں کے لئے روانہ ہوئی جہاں وہ اسی نوعیت کی میٹنگ منعقد کرے گی۔اس کے علاوہ ای سی آئی ٹیم سرمائی راجدھانی میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے الگ الگ میٹنگ منعقد کرے گی۔دورے کے اختتام پر ای سی آئی ٹیم کل جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرے گی۔