ودہمپور //نیشنل پینتھرز پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیا نے جے اینڈ کے ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے میں تاخیر پر سوالیہ نشان لگایا ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے پوچھاہے کہ اگر ریاست میں میونسپل انتخابات، پنچایتی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات خوش اسلوبی سے منعقد کئے گئے تو اسمبلی انتخابات منعقد کرنے میں تاخیر کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ جون 2018 سے ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کے بعد اب ریاست میںصدر راج ہے۔انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی کے بعد پہلی مرتبہ ہے کہ اتنی دیر تک ریاست میں منتخبہ سرکار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں جمہوری اداروں کو برقرار رکھنے کیلئے اسمبلی انتخابات فوری طور منعقد کرنا لازم بن گیا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ایک خود مختار باڈی ہے اور اگر یہ کسی سیاسی دبائو کے تحت کام کرے گی تو یہ ہماری جمہوریت کے لئے خطر ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ایک وفد بشمول تین مبصروں نے ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کیلئے زمینی صورتحال کی جانکاری کیلئے ریاست کا دورہ کیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے بیک زبان ریاست میں اسمبلی انتخاب منعقد کرنے کی حامی بھر لی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے مثبت جواب حاصل ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست میں اسمبلی انتخاب منعقد کرنے میں ابھی تک مطلوبہ اقدام نہیں کئے ہیں۔منکوٹیا نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ریاست میں اسمبلی انتخابات فوری طور منعقد کرنے کی اپیل کی،تاکہ ریاست میں لوگوں کو اپنی منتخبہ سرکار مل سکے ، جس سے وہ آسانی سے اپنے روز مرہ مسائل کے لئے اپنے نمائندوں سے رابطہ کر سکیں گے۔سرپنچ شو دیو سنگھ ،یوتھ لیڈر گنیش دت اور سوہن سنگھ بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔