پونچھ//رہبر کھیل ایسوسی ایشن پونچھ نے پرویز احمد ملک آفریدی کی قیادت میں احتجاجی ریلی برآمد کرکے خطہ پیر پنچال کے رہبر کھیل کے امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کی مانگ کی ۔اس سلسلے میں لئے گئے امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں نے حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاجارہاہے جسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔امیدواروں کی جانب سے پریڈ گرائونڈ سے ریلی نکالی گئی جو ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔اس دوران نوجوانوں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے ان سے فہرست جاری کرنے کی اپیل کی ۔ پرویز آفریدی نے ڈپٹی کمشنر اور ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ رہبرکھیل میں کامیاب ہوئے امیدواروں کی لسٹ کو شائع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تمام اضلاع کی فہرستیں نکالی جا چکی ہیں لیکن راجوری پونچھ کی فہرستیں التوا میں رکھی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ فہرستیں جلد شائع نہ ہوئیں تو وہ بھوک ہڑتال شروع کردیں گے ۔