سرینگر// حکمران جماعت پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ رہبری کے لبادے میں گھومتے رہزن کشمیری قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اور کشمیری اس بات سے بھی باخبر ہے کہ اس کشمیر دشمن جماعت نے اپنے آقائوں کی خوشنودی اور اقتدار کی خاطر کس قدر کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کا سودا کیا اور جنت بے نظیر کو پھر ایک بار قتل گاہ بنا ڈالا۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر جنوبی کشمیر کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1990میں بھی کشمیر کو شورش زدہ علاقہ قرار دیکر پی ڈی پی کے بانی نے یہاں قتل و غارت کا بازار گرم کیا اور 2015میں حکمرانی سنبھالنے کے ساتھ ہی قلم دوات جماعت نے پھر ایک بار یہاں خون کی ہولی کھیلنا شروع کردی۔ ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی مذاکرات کیلئے وکالت کرتی آئی ہے لیکن یہ مذاکرات ٹھوس اور خلوص نیت پر مبنی ہونے چاہئے نہ کہ برائے نام۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس ہی تھی جس نے 2000میں یہاں سیز فائر کی پہل کروائی اور ساتھ ہی حزب کمانڈروں اور نئی دلی کے درمیان مذاکرات شروع کروایئے۔انہوںنے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس کے نوجوان قائد عمر عبداللہ ہی تھے، جو یہاں کی اپوزیشن جماعتوں کو لیکر نئی دلی میں صدر، وزیر اعظم اور دیگر رہنمائوں سے ملے اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی استدعا کی جبکہ اس وقت حکمران پی ڈی پی کشمیر میں جاری خون خرابے کی تماشائی بنی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا بچہ بچہ اس با ت سے باخبر ہے کہ نئی دلی 1947سے لیکر آج تک کشمیریوں کے ساتھ وعدے کرتی آئی ہے لیکن کبھی ان وعدوں کو ایفا نہیں کیا۔ ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ مذاکرات کی وکالت کرتی آئی ہے اور مرکز سے وعدوں کو ایفاء کرنے پر بھی زور دیتی آئی ہے تاہم اس کے برعکس پی ڈی پی کا رول ہر وقت منفی اور شاطرانہ رہا۔ جن سابق عمر عبداللہ حکومت میں افسپا کی منسوخی کیلئے رائے منظم ہونے لگی اُس وقت بھی پی ڈی پی والوں نے افسپا کی منسوخی کے عمل کو سبوتاژ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے3سال کے دوران جو مظالم کشمیری قوم نے دیکھے اُن کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی حکومت نے جنوبی کشمیر کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر نائب صدر صوبہ حاجی محمد سعید آخون، نائب صدرِ صوبہ ڈاکٹر محمد شفیع، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، پارٹی کے سینئر لیڈران الطاف احمد کلو(ایم ایل اے پہلگام)، ایڈوکیٹ عبدالمجید بٹ لارمی( ایم ایل اے ہوم شالی بُگ)، سنٹرل سکریٹری ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے، ضلع صدر شوپیان شوکت حسین گنائی(ایم ایل سی )، ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر، غلام نبی رتن پوری، شیخ محمد رفیع، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار،ریاض احمد خان ،نثار احمد نثار، یوتھ ضلع صدور پلوامہ جاوید رحیم بٹ، شوپیان اعجاز میر، اسلام آباد پیرزادہ مشرف کے علاوہ کانسچونسی انچارج، ضلع سکریٹری صاحبان نے شرکت کی۔