عظمیٰ نیوزسروس
رِیاسی//ضلع ترقیاتی کمشنر رِیاسی وشیش مہاجن نے ریاسی میں ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر میں ایک روزہ روزگار میلے کا اِفتتاح کیا۔ ڈی ای اینڈ سی سی ریاسی کی جانب سے اس تقریب کا مقصد مختلف کمپنیوں میں ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوں کو تقرری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔روزگار میلے نے کافی توجہ مبذول کی جس میں سرکاری محکموں اور نجی کمپنیوںوایجنسیوں دونوں کی طرف سے زبردست ٹرن آؤٹ حاصل ہوا۔ اِس مشترکہ کوشش نے ایک متحرک پلیٹ فارم قائم کیاجس نے ملازمت کے متلاشیوں اور ممکنہ آجروں کے مابین رابطوں کو آسان بنایا۔ اِس تقریب میں تعلیم، بینکنگ، آٹوموبائل، آئی ٹی اور ہنر مندی جیسے شعبوں میں مختلف مواقع کی نمائش کی گئی۔
روزگار میلے میں بڑے پیمانے پر شرکت کی گئی جس میں آئی ٹی آئی اِداروں سمیت مختلف کالجوں کے نوجوان ممکنہ بھرتی کے لئے موقعہ پر اِنٹرویومیں سرگرمی سے شامل تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر وشیش مہاجن نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کے طلبأ اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بنائے گئے روزگار میلے کی خصوصی نوعیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر وشیش مہاجن نے نوکری فراہم کرنے والوں کے ساتھ ذاتی طور پر بات چیت کی اور مختلف محکموں اور کمپنیوں سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں ضلع کے دیگر حصوں میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کرنے کا عزم کیا۔اُنہوں نے روزگار میلوں کے علاوہ ڈسٹرکٹ سکل ڈیولپمنٹ پلان عمل آوری سے بے روزگاری کو دور کرنے کے لئے ضلع اِنتظامیہ ریاسی کے عزم پر زور دیا۔ اِس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کی مہارت کی سطح اور روزگار فراہم کرنے والی کمپنیوں کی ضروریات کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تربیت دی جائے گی جس سے ان کی ملازمت میں اِضافہ ہوگا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ریاسی کے روزگار کے منظر نامے پر اس طرح کے اَقدامات کے مثبت اثرات کے بارے میں اُمید ظاہر کی، نوجوانوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے اور ضلع کی مجموعی ترقی میں حصہ اَدا کرتے ہیں۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی عبدالستار، اے ڈی ایمپلائمنٹ ریکھا بالی اور مختلف اداروں کے طلبأ بھی موجود تھے۔