موہالی// اپنی کپتانی میں پچھلی شرمناک شکست سے پریشان سلامی بلے باز روہت شرما (ناٹ آوٹ 208) نے نکتہ چینوں کو سخت جواب دیتے ہوئے بدھ کو دوسرے کرو یا مرو کے ون ڈے مقابلے میں سری لنکا کے خلاف رنوں کی بارش کرتے ہوئے اس کے سامنے جیت کے لیے 393 رنز کا ہمالیائی ہدف رکھا۔ آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب کے لیے کھیلنے والے سری لنکا کے کپتان تشارا پریرا کا ٹوئنٹی 20 لیگ کے اپنے گھریلو میدان پر ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ ہندوستانی بلے بازوں نے غلط ثابت کرتے ہوئے چار وکٹ پر مقررہ 50 اوور میں 392 رن کا بڑا اسکوربنایا گزشتہ میچ میں سات وکٹ سے ہار کر تین میچوں میں صفر۔ایک سے پیچھے ہونے والی ٹیم انڈیا کے لیے سلامی بلے باز اور کارگزار کپتان روہت شرما نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موہالی کے میدان پر 153 گیندوں میں 13 چوکے اور 12 چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 208 رنز کی شاندار ڈبل سنچری کھیلی۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں روہت سب سے زیادہ تین ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ یہ ان کا ون ڈے میں ذاتی طور پر تیسرا بہترین اسکور ہے جبکہ ون ڈے تاریخ میں اوور آل یہ ان کا چھٹا بہترین اسکور بھی ہے ۔ روہت نے اپنی 16 ویں ون ڈے سنچری 115 گیندوں میں مکمل کی جبکہ 133 گیندوں میں اپنے 150 رن مکمل کئے ۔ اس کے بعد انہوں نے چوکے چھکے کی بارش کرتے ہوئے 151 گیندوں میں 200 رن پورے کئے ۔روہت نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کرنے ے کے ٹھیک بعد چھکا بھی لگایا ۔ ان کی اس بہترین اننگز سے اسٹینڈ میں موجود ان کی بیوی کافی جذباتی ہوگئی تھیں جبکہ ڈگ آؤٹ میں ہندوستانی کوچ روی شاستری اور باقی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر سری لنکائی کھلاڑیوں نے بھی روہت کو مبارک باد دی۔ 30 سالہ بلے باز روہت نے اسی کے ساتھ ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا تیسرا سب سے بڑا اسکور بھی اپنے نام کیا۔ ون ڈے میں تین ڈبل سنچری بنانے والے روہت کا سری لنکا کے خلاف یہ دوسرا بڑا اسکور بھی ہے ۔ انہوں نے سال 2014 میں سری لنکا کے خلاف اپنے کیریئر کی سب سے زیادہ 264 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سال 2013 میں انہوں نے 209 رن بنائے تھے جو ان کا ون ڈے میں پہلی ڈبل سنچری تھی ۔ سال 2016 میں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 171 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن سری لنکا کے خلاف بدھ کو دوسرے ون ڈے میں انہوں نے ناٹ آؤٹ 208 رن بنانے کے ساتھ ساتھ ون ڈے میں اپنی تیسرا بہترین اسکور بھی اپنے نام کردیا۔ اگرچہ اپنے دوسرے بہترین اسکور سے وہ صرف ایک رن ہی پیچھے رہے ۔ ایک سرے پر جم کر رن بنانے والے روہت کا ساتھ دوسرے سرے پر شکھر دھون اور پھر شریس ایر نے بھی دیا ،جنہوں نے نصف سنچری اننگز کھیلی۔ روہت کا ساتھ شکھر نے پہلے وکٹ کے لئے 115 رن جبکہ دوسرے سرے پر ایر نے 213 رن کی ڈبل سنچری شراکت کرتے ہوئے موہالی کے گراؤنڈ پر ہندوستان کا سب سے بڑا اسکور بنا یا۔