رونالڈو عرب ثقافت کے رنگ میں ڈھل گئے

عظمیٰ سپورٹس ڈیسک

ریاض//سعودی عرب کے قومی دن پر عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے مقامی لباس پہن لیا۔سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے النصر کلب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو ہاتھوں میں تلوار تھامے سعودی عرب کے ثقافتی لباس میں دکھایا گیا ہے۔ویڈیو میں رونالڈو کے علاوہ سینیگال کے ساڈیو مانے سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی سعودی عرب کے قومی دن کا جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کھلاڑی ہاتھوں میں تلوار تھامے روایتی لوک گیت پر رقص کررہے ہیں۔النصر کلب میں کرسٹیانو رونالڈو، ان کے ہم وطن اوٹاویو، الیکس ٹیلس، کروشین مڈفیلڈر مارسیلو بروزووک، سینیگال کے ساڈیو مانے، برازیل کے ٹیلنٹ اینڈرسن ٹیلسکا اور آئیورین مڈفیلڈر سیکو فوفانا شامل ہیں۔واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی لباس پہننا کوئی نئی بات نہیں۔ اس سے قبل انہوں نے فروری میں مملکت کے یوم تاسیس کی تقریبات میں روایتی سعودی لباس پہن کر شرکت کی تھی۔ رونالڈو نے جنوری میں النصر کلب جوائن کیا تھا اور وہ سعودی لیگ میں 7 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔