یواین آئی
ماسکو// روس کی فضائی دفاعی یونٹوں نے 130 یوکرینی ڈرون مار گرائے ہیں۔روس کی سرکاری خبر ایجنسی ‘تاس’ نے ،روس وزارت دفاع کے یومیہ اعداد و شمار کے حوالے سے شائع کردہ خبر میں کہا ہے کہ روسی فضائی دفاعی یونٹوں نے ملک کے کچھ حصوں میں 130 یوکرینی ڈرون تباہ کر دیئے ہیں۔دریں اثنا کیف کے اعلی فوجی کمانڈر جنرل اولیکسندر سرسکی نے بروز بدھ جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ روسی فوج نے جنوبی یوکرین کے علاقے زاپوروجے میں تین بستیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔جنرل اولیکسندر سرسکی نے ٹیلیگرام سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گہری دھند کا فائدہ اٹھا کر روسی فوجی زاپوروجے میں یوکرینی مورچوں تک پہنچ گئے ہیں اوریوکرینی فوجی، روسی یونٹوں کو پسپا کرنے کے لئے، “شدید جھڑپوں ” میں مصروف ہیں۔ تاہم شدید ترین جھڑپیں ابھی بھی مشرقی دونیتسک کے شہر ‘پوکرووسک ‘ میں ہو رہی ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران محاذ پر ہونے والی تقریبا نصف جنگ یہاں لڑی گئی ہے۔یوکرین کے شمال مشرقی علاقے خارکیف میں واقع کوپیانسک اور لیمان کے شہر ان مقامات میں شامل ہیں جہاں جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ پیٹرول کو روسی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اوراس شعبے کو نشانہ بنانے والی نئی امریکی پابندیاں 21 نومبر سے نافذ العمل ہو رہی ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد روسی کیصدر ولادیمیر پوتن کو جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور کرنا ہے۔روس وزارت دفاع نے کہا ہے کہ گذشتہ چار ہفتوں کے دوران دونیتسک میں نو بستیوں اور دیہات پر، زاپوروجے میں آٹھ، ڈنیپروپیٹرووسک میں سات بستیوں اور خارکیف میں پانچ بستیوں پر قبضہ کیا گیا ہے۔جنگی تحقیقات کے انسٹیوٹ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پوکرووسک کا محاصرہ ایلیٹ ڈرون آپریٹروں اور “اسپیٹناز” اسپیشل فورسز کی تعیناتی کے باوجود، کمانڈروں کے اپنے وسائل کو وسیع علاقے میں تقسیم کرنے کی وجہ سے، سست رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔دریں اثنا یوکرین ،روس کے اندر اعلی فوجی اہداف پر ،مسلسل طویل مسافت کے ڈرون حملے کر رہا ہے۔