حیدرآباد// ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے انڈیا فنکشن ہال رین بازار حیدرآباد میں منعقدا جلسہ فضائل رمضان برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ اورتہذیب اخلاق میں تربیت نفس میں اہم رول ادا کرتا ہے ۔ روزہ انسانی دماغ اور اعصاب پر زبردست اثرات مرتب کرتا ہے ،روزہ میں دنیا وآخرت کے فوائدموجود ہیں حضور نے فرمایا کہ جو بندہ میرے لئے روزہ رکھتا ہے تومیں اسکے جسم کو تندرست کرتا ہوں ،روزہ حصول روحانیت کا ذریعہ ہے روزہ اللہ تعالیٰ کے محبوب ترین اعمال سے ہے روزہ محبوب خدا کی شفاعت کا وسیلہ ہے روزہ انعامات خدا وندی اور رحمت الٰہی کا ذریعہ ہے روزہ بخشش و مغفرت کی سند ہے ۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ رمضان کی قدر کریں اور روزوں کو ترک نہ کریں بلاعذر روزہ کو ترک کرنا گناہ اور ساری عمر بھی روزہ رکھیں تو رمضان کے روزہ کی بات نہیں آئے گی ۔ماہ رمضان اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے اور یہ مہینہ بڑی عظمت وفضیلت کا حامل ہے ۔ قرآن مجید واحادیث نبوی میں اس مہینہ کی بڑی فصیلت آئی ہے ۔ رمضان کے مہینہ کی آمد ہوتی ہے تو جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے مؤمن کیلئے عظیم تحفہ ہے جس میں پانچ اہم عبادتیں روزہ، نماز،تراویح،اعتکاف، زکوٰۃ ،صدقہ فطر شامل ہیں،ماہ رمضان المبارک ہدایت وبرکت کا مہینہ ہے ۔ اسکی قدر عبادتوں کے ذریعہ کرنا چاہئے کہ معمولی بہانے کرتے ہوئے اللہ کی مفروضہ عبادت روزے کو ترک نہ کریں اور ماہ رمضان میں مسلم خواتین بازاروں میں خرید وفروخت کیلئے نہ گھومیں بلکہ عبادتوں میں وقت گذاریں، عذر کی بناء روزہ نہ رکھیں تو عام بازاروں اور ہوٹلوں میں کھانے پینے سے گریز کریں ،رمضان برکتوں، رحمتوں اور نعمتوں کا ایسا مہینہ ہے جسے حضور نے رمضان شہر اللہ یعنی رمضان اللہ کا مہینہ ہے کہہ کر پکارا ہے ور فرمایا کہ جنت میں ایک دروازہ ہے جس کا نام ''ریان ''ہے اس دروازے سے بروز قیامت صرف روزہ دار داخل ہونگے ۔ مفتیہ رضوا نہ زرین نے مزید کہاکہ ماہ رمضان میں نفل نماز پرھنے سے فرض کا ثواب حاصل ہوتا ہے اور فرض نماز پڑھنے سے ستر درجہ زیادہ ثواب حاصل ہوتا ہے اسی لئے اس ماہ میں زکوٰۃ کی ادئیگی کی جائے تا کہ وہ ثواب حاصل ہو ۔