جموں//ناظم اطلاعات ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جموںمیں متعلقہ افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران اشتہارات کی تقسیم کاری اور رقومات کی ادائیگی کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات ( ہیڈ کوارٹرس) عبدالمجید زرگر ، جوائنٹ اطلاعات جموں منیشا سیرین ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر ظہور احمد میر اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدے کے مطابق محکمہ نے اخبارات اور جریدوں کے پچھلے اشتہاروں کے واجبات کے طور پر 11.38کروڑ روپے کے علاوہ رواں مالی سال کے اشتہارات کے لئے 20.67کروڑ روپے واگذار کئے ہیںجن میں سے 3کروڑ روپے واگذار کئے گئے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموں صوبے میں10 مارچ 2017ءتک کے تمام اشتہارات کے بِل ادا کئے گئے ہیں تاہم جن اخبارات اور جریدے ابھی باقی ہےں جنہوں نے اس مدت کے لئے بلیں جمع نہیں کرائی ہیں ۔ علاوہ ازیں کشمیر صوبے میں 31 جنوری 2017ءتک کے تمام بلوں کی ادائیگیاں مکمل کی گئی ہیں ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی مناسب لائحہ عمل وجود میںلایا ہے جس کے تحت اشتہاراتی بلوں کی ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی ممکن ہوسکے گی تاکہ واجبات جمع نہ ہوسکےں ۔ اس حوالے سے اخبار اداروں سے تعاون طلب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ اخباروں کے منتظمین کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ اشتہارات کے بِل متواتر طور ہر مہینے کی آخر میں محکمہ کے پاس جمع کرائی جائیں تاکہ بلوں کی ادائیگی بلا کسی تاخیر کے ممکن ہوسکے ۔ڈاکٹر شاہد چودھری نے جوائنٹ اطلاعات کشمیر سے کہا کہ وہ فروری 2017 ءاور مارچ 2017ءکے التوا میں پڑے اشتہاراتی بِلوں کو پروسس کریں تاکہ اس مہینے کے آخر تک ان اخبارات کے حق میں رقومات ادا کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی سال 2017-18ءکے مختص بجٹ کا 50فیصد حصہ واگذار کیا ہے لہٰذا محکمہ اگلے مالی سال کے دوران ماہانہ کی بنیادوں پر اخباروں اور جریدوں کو رقومات ادا کیا کرے گا۔انہوںنے کہا کہ کشمیر و جموں صوبوں کے جوائنٹ ڈائریکٹروں کے حق میں 3کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں تاکہ وہ التوا میں پڑے اب تک کے تمام بلوں کی ادائیگی کر سکےں۔اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کاری کے حوالے سے منظور شدہ اخبار ات اور جریدوں کی زمرہ بندی کے حوالے سے میٹنگ میں بتایا گیا کہ کچھ اشاعتوں کی طرف سے محکمہ کی طرف سے طلب کی گئی لازمی تفاصیل جمع نہیں کرائی گئی ہیں۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ ان اشاعتوں کو اس حوالے سے محکمہ کی طرف سے کوئی حتمی فیصلہ لینے کے قبل ایک اور موقعہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ یہ تفاصیل محکمہ کے پاس جمع کر اسکیں۔اشتہارات کی آن لائن تقسیم کاری کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ناظم اطلاعات نے سافٹ ویئر کو سرکاری محکموں ، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس ، خود مختار اداروں کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ مختلف اشتہارات کی اشاعت کے بارے میں وقت پر جانکاری حاصل کرسکےں ۔انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا کے لئے ایڈواٹائز منٹ پالیسی بھی زیر عمل ہے اور اسے حتمی فیصلے کے لئے تکنیکی سب کمیٹی کے سامنے رکھا جارہا ہے۔میٹنگ میں دونوں صوبوں میں ایڈواٹائزمنٹ سیکشنوں کے احسن کام کاج کو یقینی بنانے سے جڑے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔