رنگ بہ رنگی تقریب کیساتھ پیرس اولمپکس اختتام پذیر

 یو این آئی

 

پیرس/لاس اینجلس میں 2028 میں ملنے کے وعدے کے ساتھ پیرس اولمپک گیمز 2024 کی اختتامی تقریب کا آغاز فرانسیسی تیراک لیون مارچنڈ نے اولمپک فلیم بجھاکر کیا اور آخر میں ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کے اولمپک پرچم کے ساتھ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگانے کے اسٹنٹ نے شائقین میں جوش بھر دیا۔

 

اتوار کی رات دیر تقریباً 80 ہزار شائقین کی موجودگی میں اسٹیڈ ڈی فرانس اسٹیڈیم میں روایتی انداز میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈ ہاٹ چلی پیپرز کی موسیقی اور رنگ برنگی روشنیوں، آتش بازی، آرٹ اور رقص کے ساتھ اختتامی تقریب مکمل ہوئی۔ تقریب میں لاس اینجلس کو 2028 کے اگلے اولمپکس کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔گزشتہ دو ہفتوں سے سخت محنت کرنے والے کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ممالک کی پریڈ میں حصہ لیا۔ ہندوستانی دستے کی قیادت منو بھاکر اور پی آر سریجیش نے کی۔‘وال آف انڈیا’ کے نام سے مشہور سریجیش نے ان کھیلوں میں ہندوستان کے لئے کانسی کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ہی ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔