حسین محتشم
پونچھ// ماہ مبارک رمضان کے شروع ہوتے ہی پونچھ میں دکانداروں نے گراں فروشی کا سلسلہ شروع کردیاہے تاہم ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ کی ہدایت پر محکمہ مال،محکمہ خورارک،شہری رسد و امور صارفین نے بازار کا دورہ کر کے گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی اور ان کو متنبہ کیا کہ وہ منافعہ خوری سے باز رہیں۔ماہ مبارک رمضان کے دوران اشیائے خوردنی کے نرخوں میں اضافہ اگر چہ کوئی نئی بات نہیں ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشوں کو خبردار کرنے کے باوجود گراں فروشوں نے خریداروں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں یکایک اضافہ ہوا ہے،اور من مانی قیمتوںپر فروختگی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔صارفین و خریداروں کی شکایت پر ضلع ترقیاتی کمشنرنے نائب تحصیلدار حویلی معروف خان کی قیادت میں مختلف محکمہ جات کے افسروں کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جنہوں نے بدھوار کو پونچھ کے تمام بازاروں کا دورہ کیا ۔اس دوران صارفین نے انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تازہ سبزیوں،اور پھلوں اور دیگر اشیا جن کا ماہ مبارک رمضان میں زیادہ استعمال کیاجاتا ہے کی قیمتوں میں دکانداروں نے از خود اضافہ کیا ہے۔خریداروں کا کہنا ہے کہ گراں فروش تاجروں نے مصنوعی قلت پیدا کرکے چور بازاری میں اضافی قیمتوں بھی فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔ مرغ اور گوشت کی بھی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے جبکہ اشیائے ضروریہ کو بھی غائب کیا گیا ہے۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے تحصیل سپلائی افسر منموہن سوری نے اس دوران گراں فروشوں، ذخیر اندوزوں اور چور بازاری میں اشیائے خوردنی کو فروخت کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس عمل سے باز آئیں وگرنہ انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو افسر محکمہ میونسپل کونسل پونچھ مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عوام کی شکایات موصول ہونے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ کی ہدایت پر مارکٹ چیکنگ کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے ۔
رمضان کے دوران تاجروں پر من مانی قیمتیں وصولنے کا الزام
