عظمیٰ یاسمین+محمد بشارت
راجوری // رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پرجموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح خطہ پیر پنچال کے دو نوں اضلاع بالخصوص راجوری اور پونچھ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ پر تمام مساجد میں کثیر اجتماعات منعقد ہو ئے ۔اس موقعہ پر دونوں سرحدی اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز اجتماعی طورپر ادا کی ۔راجوری ضلع کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کی تمام مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی۔ اس دن کی مناسبت سے نماز جمعہ کے موقعہ پر بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے اور فرزندان توحید نے بار گاہ الٰہی میں سر بسجود ہو کر دعائیں مانگیں اور اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے آہ و زاری کی۔مسجد تھنہ منڈی اور حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر توبہ استغفار کی۔ اس کے ساتھ ہیں ہیں جمع مسجد راجدھانی، جامع مسجد اسلام پور، جامع مسجد ساج، پلانگڑھ، جامع مسجد کھنیال، جامع مسجد ڈہوک، جامع مسجد عظمت آباد جامعہ مسجد منہال جامع مسجد بھنگائی اور جامع مسجد شاہدرہ شریف میں بھی نماز جمعہ کے روح پرور اجتماعات ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی۔ اس کے علاوہ علاوہ شہر کی دیگرچھوٹی بڑی مساجدوں ، خانقاہوں اور درگاہوں میں بھی اس سلسلے میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد نے ان مجالس میں حصہ لے کر’’توبہ و استغفار کی۔ اس موقع پر علماء اور ائمہ حضرات نے ماہ رمضان کی فضیلت کو اجاگر کیا اور پورے ملک میں امن و امان اور آپسی بھائی چارہ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اسی طرح کوٹرنکہ سب ڈویژن کی تمام مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی ۔اس دوران علماء و مذہبی سکالروں نے رمضان اور اسلامک تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اسلامک تعلیمات کو عام کرنے کی اپیل بھی کی ۔اس کے علاوہ راجوری ،مینڈھر ،منجا کوٹ سرنکوٹ اور پونچھ میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اجتماعی نماز جمعہ ادا کی ۔
رمضان میں پانی کی بحرانی صورتحال
دیہات میں سہولیات فراہم کی جائیں :مولانا سلطان
جاوید اقبال
مینڈھر //امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی نے رمضان کے پہلے جمعہ کے دوران اپنے خطاب میں کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن کے متعدد دیہات میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جبکہ اکثر دیہات میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رمضان سے قبل انہوں نے مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ہوئی میٹنگ میں عوام کو رمضان میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی لیکن ابھی تک حالات جوں کے توں ہی بلکہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں اکثر واٹر سپلائی سکیمیں محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہیں اور علاقہ کی خواتین رمضان کے باوجود میلوں پیدل سفر کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مولانا موصوف نے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں سحری و افطار کے دوران بجلی کی کٹوتی بھی ایک مسئلہ بن گیا ہے لیکن حکام کی جانب سے اس معاملہ کو بھی سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جارہاہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیگر بنیادی سہولیات کیساتھ ساتھ دیہات میں رمضان کے دوران ترجیح بنیادوں پر پینے کا صاف پانی فراہم کیاجائے ۔