فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے پازل پورہ رفیع آباد علاقے میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں تین افراد لقمہ اجل جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے ۔جن میں کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جمعرات کی صبح منڈدجی سے بارہمولہ آرہی ایک ٹا ٹا منی بس زیر نمبر JK05/6339 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور پازلپورہ میں ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر جی ایم سی بارہمولہ پہنچایا گیا جن میں سے 3 افراد کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ ان کی شناخت عبدالرشید خان ولد محمد یوسف خان ساکن حمام مرکوٹ ،نور محمد جنجوعہ ولد علم دین جنجوعہ ساکن حمام اور بشیر احمد ساکن مرکوٹ کے طور پر ہوئی ۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کا علاج و معالجہ جاری ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔