عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آج جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری اور غوثیہ ہسپتال خانیار کا دورہ کیا اور ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر سجاد اور دیگر افسران نے جے ایل این ایم ہسپتال میں پارکنگ کی جگہ کی ترقی اور دیگر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ وہ 29.14 لاکھ روپے کی لاگت سے اضافی پارکنگ جگہ کی ترقی پر کام کی رفتار کو تیز کریں۔انہوں نے واش روموں کی مرمت اور تزئین و آرائش اور متعلقہ کاموں کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا جو 34.10 لاکھ روپے کی لاگت سے انجام دیئے جارہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے گورنمنٹ غوثیہ ہسپتال خانیار کا بھی دورہ کیا اور 22.14 لاکھ روپے کی لاگت سے ویسٹ مینجمنٹ اقدامات کی تعمیر کے لئے شروع کئے گئے کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے دونوں طبی مراکز پر تمام کاموں کو مقررہ وقت میں تیز کرنے کو کہا۔اس موقع پرہسپتال کے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ نے ڈی این بی کے طلبأ کے لئے ہوسٹل کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے ہسپتال کے عملے سے بات چیت کرتے ہوئے صحت سہولیات میں مریضوں کی بہترنگہداشت کی سہولیات کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔