سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کو شعبہ میڈسن میں 5سال کیلئے پوسٹ گریجویٹ کورس شروع کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔ رعناواری میں 7شعبہ جات میں ڈی این بی کورسز شروع کرنے کیلئے درخواستیں جمع کی ہےں لیکن اسپتال کو 15ماہ تک کورونا مریضوں کیلئے مخصوص رکھنے کی وجہ سے مرکزی ٹیم نے صرف 3شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں فی الحال شعبہ میڈیسن میں 2سیٹوں کو 5سال کیلئے منظوری دی گئی ہے۔ نوڈل آفیسر ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ شعبہ امراض زچگی، سرجری، ای این ٹی، جوڑوں کے امراض، امراض چشم ، شعبہ Anesthesiaاور میڈیسن میں ڈی این بی کورسز شروع کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔ ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ” نیشنل بورڈ آف اکزامینیشن (National Board of Examination)کی ٹیم نے صرف میڈسن، سرجری اور ہڈیوں کے شعبہ کا معائنہ کیا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے رجسٹریشن کا یہ عمل کھٹائی میں پڑ گیا “۔ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ نیشنل بورڈ نے فی الحال شعبہ میڈیسن میں 5سال کیلئے 2سیٹوں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رعناواری اسپتال کو جنوری سال 2021سے دسمبر سال 2025تک شعبہ میڈیسن میں پوسٹ گریجویشن کی سہولیات دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویشن کو منظوری ملنے کے بعد نہ صرف ہر شعبہ میں یہاں ڈاکٹر دستیاب ہونگے بلکہ مریضوں کو ملنے والے علاج کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ بہت جلد دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ ہوگا اور وہاں بھی ڈی این بھی کورس شروع کرنے کی اجازت ملے گی۔