رسول پاک ؐ کی شان میںگستاخی اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیخلاف راجوری اور پونچھ میں شدید احتجاج راجوری میں احتجاجی ریلی نکالی گئی

عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//مختلف مذہبی تنظیموں بشمول اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن کے بینر تلے مسلمانوں نے راجوری ضلع میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی جس میں یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف حالیہ ریمارکس پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین مرکزی قصبے میں جمع ہوئے اور یہ ریلی نکالی جو قصبہ کے عبداللہ پل پر اختتام پذیر ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈی سی راجوری اور ایڈیشنل ایس پی راجوری نے مظاہرین سے ملاقات کی اور ان سے ایک تحریری میمورنڈم حاصل کیا جس میں اسے اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ خبیث یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے حالیہ ریمارکس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے خاص طور پر ہندوستان میں یہ ریمارکس نہ صرف نفرت اور کسی خاص مذہب کے خلاف ہیں بلکہ اس سے ملک کے فرقہ وارانہ تانے بانے کو بگاڑنے کا بھی امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی بھی کسی مذہب کے خلاف اس طرح کے ریمارکس کو سننا نہیں چاہتا لیکن بدقسمتی سے حکومت یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے بار بار ایسے ریمارکس کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے نہ صرف ان ریمارکس پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا بلکہ حکومت سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے کسی دوسرے مذہب کے خلاف اس طرح کے نفرت انگیز تبصروں کا استعمال کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔