یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے گجرات میں سیلاب کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر نے بدھ کو پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی مدد کریں اور حکومت سے راحت اور تعمیر نو کے کام کاج میں تیزی لانے کی اپیل کی ۔ گاندھی نے کہا’’گجرات میں سیلاب کی صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جارہی ہے ۔ میں ان خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور جن کی املاک کو اس آفت میں نقصان پہنچا ہے ۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکرتا ہوں‘‘۔کانگریس کارکنوں اور حکومت سے متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’تمام کانگریس کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ راحت اور بچاؤ کے کام کاج میں متاثرہ لوگوں اور انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کریں‘‘۔ توقع کی جاتی ہے کہ حکومت اس آفت کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی، تاکہ متاثرہ افراد جلد از جلد تشکیل نو اور باز آباد کاری کی طرف بڑھ سکیں۔