یواین آئی
پرتاپ گڑھ//انڈیا اتحاد اگر فاتح ہوا تو وزیراعظم کون ہوگا ؟ شردپوار ،اسٹالن ،ممتا دیدی ؟ آخری نام میں بتاتا ہوں راہل گاندھی۔مگر راہل بابا یہ پرچون کی دوکان نہیں ہے ,یہ بھارت دیش ہے،لیکن انڈیا اتحاد کے فاتح ہونے کے امکانات نہیں ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو تحصیل کنڈہ کے علاقے ہیرہ گنج میں پارلیمانی حلقے کوشامبی کے بی جے پی امیدوار ونود سونکر کی حمایت میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔امت شاہ نے انڈیا اتحاد پر طنز کستے ہوئے کہا کہ کانگریس و اتحاد کے لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کا احترام کرو ،کیوں کہ اس کے پاس ایٹم بم ہے، راہل بابا آپ کو ایٹم بم سے خوف ہے ،مگر ہم کو خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ میں اپوزیشن بلکل صاف ہے۔بی جے پی کو تین مرحلوں میں دو سو سیٹیں موصول ہو چکی ہیں، اور وزیراعظم مودی تیسری مرتبہ ملک کی کمان سنبھالیں گے۔ بی ایس پی ،سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے تک اقتدار میں رہنے کے بعد بھی رام مندر کی تعمیر کی کوشش نہیں کی گئی۔ مودی کے آنے کے بعد مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی۔مندر کی پران پرتشٹھا میں سونیا ،راہل اور اکھلیش کو مدعو کیا گیا تھا ،مگر کوئی نہیں آیا۔عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ انہیں محفوظ حکومت چاہیئے۔امت شاہ نے اکھلیش یادو پر طنز کستے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو اور ڈمپل نے شب میں جاکر کورونا کا ٹیکہ لگوایا تھا ،جبکہ پہلے کہتے تھے کہ یہ مودی ٹیکہ ہے۔