یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کو وزیرِ اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے دورہ ہندوستان کے دوران خواتین صحافیوں کو پریس کانفرنس سے دور رکھنا ’ناری شکتی‘ کے ان کے نعروں کے کھوکھلے پن کو ظاہر کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو اس معاملے میں حکومت کا موقف واضح کرنا چاہیے۔افغان وزیرِ خارجہ کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر سخت تنقید کی اور اسے انتہائی حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے جواب طلب کیا۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیرِ اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ہفتہ کے روز لکھا مودی جی، جب آپ کے دورِ حکومت میں خواتین صحافیوں کو عوامی پلیٹ فارم سے دور رکھا جاتا ہے تو آپ دراصل ملک کی ہر خاتون کو یہ بتا رہے ہوتے ہیں کہ آپ ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے بہت کمزور انسان ہیں۔ ہمارے ملک میں خواتین کو ہر شعبے میں مساوی شراکت کا حق حاصل ہے اورایسے امتیازی رویے پر آپ کی خاموشی خواتین کی بااختیاری کے بارے میں آپ کے دعووں کی حقیقت آشکار کرتی ہے۔پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی کہا کہ وزیرِ اعظم جی، براہِ کرم طالبان کے نمائندے کے دورہ ہند کے دوران منعقدہ پریس کانفرنس سے خواتین صحافیوں کو باہر رکھنے کے واقعے پر اپنا موقف واضح کریں۔ اگر خواتین کے حقوق کے تئیں آپ کی وابستگی محض انتخابی نعرہ نہیں بلکہ حقیقی عقیدہ ہے، تو پھر ہندوستان کی قابل ترین خواتین کی یہ توہین ہمارے ملک میں کیسے ہونے دی گئی، جب کہ خواتین ہی اس قوم کی ریڑھ اور وقارہیں۔