عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر اور کیرالہ کے درمیان کھیلا جارہا رانجی ٹرافی کا کوارٹر فائنل میچ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ میچ کے آخری دن جموں وکشمیر کو جیت کیلئے8وکٹوں جبکہ کیرالہ کو 299رنوں کی ضرورت ہے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک کیرالہ نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 100رن بنا لئے ہیں جبکہ اس سے قبل جموں و کشمیر نے 399رنوں پر اپنی اننگ ڈکلیر کی اور کیرالہ کے سامنے جیت کیلئے400رنوں کا ہدف رکھا۔ کیرالہ کی طرف سے اکشے چندرن 32جبکہ روہن کونمال 36رنوں کے نجی سکور پر کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل کپتان پارس ڈوگرا کی شاندار سنچری کی بدولت جموں وکشمیر کیرالہ کے سامنے ایک اچھا سکول کھڑا کرنے میں کامیاب ہوا۔ ڈوگرہ نے 132رن بنائے۔اسی طرح کنیاوڈہاون نے64، ساہل لوٹرا نے 59رن بنا کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ جموں وکشمیر نے پہلی اننگ میں 280رن بنائے تھے جس کے جواب میں کیرالہ نے پہلی اننگ میں281رن بنائے۔میچ کے آخری دن یعنی آج جموں وکشمیر کو جیت کیلئے8وکٹوں جبکہ کیرالہ کو 299رنوں کی ضرورت ہے۔
گجرات سیمی فائنل میں داخل
راجکوٹ/یواین آئی/پریاجیت سنگھ جڈیجہ (32 رن پر چار وکٹ) اور ارجن ناگواس والا (54 رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی سے گجرات نے منگل کو یہاں سوراشٹرا کو اننگز اور 98 رن سے شکست دے کر رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ سوراشٹرا نے پہلی اننگز میں 216 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں گجرات نے جمیت پٹیل (103) اور ارول پٹیل (140) کی سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 511 رنز کا بڑاسکور کھڑا کرلیا۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر 295 رنز سے پیچھے ، سوراشٹرا کی دوسری اننگز 197 رنز پر سمٹ گئی۔ سوراشٹرا نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 33 رنز سے دن کا آغاز کیا۔ پریاجیت نے دوسری اننگز میں اوپنر چراغ جانی (26) کو آؤٹ کرکے 67 رنز کی شراکت کو توڑ کر گجرات کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد نوجوان تیز گیند باز نے ہندوستانی بلے باز چیتشور پجارا (02) کو آؤٹ کر کے سوراشٹرا کو بڑا جھٹکا دیا۔