عظمیٰ نیوز سروس
پٹھان کوٹ//بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے سوامی جگت گری جی آشرم میں شری شری 108 سوامی گردیپ گری جی مہاراج سے ملا قات کی ۔دیویندر رانا نے آشرم میں عقیدت مندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’گروجی کی طرف سے آشیرواد حاصل کرنا ہمیشہ ہی سب کے لئے روحانی روشنی کا ذریعہ رہا ہے۔محبت اور ہمدردی کی تبلیغ کے ذریعے معاشرے میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور سماجی انصاف کے فروغ کی سمت کام کرنے میں سوامی گردیپ گری جی مہاراج کی عظیم شراکت کی تعریف کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ جو چیز عقیدت مندوں کو روحانی مقامات کی طرف راغب کرتی ہے وہ برکتوں کے ذریعے زندگی کی پیچیدگیوں کو تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روحانی تکمیل گرووں کے آشیرواد سے شروع ہوتی ہے۔دیویندر رانا نے آشرم میں امن، سکون اور سب کی بھلائی کے لئے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ گروجی اپنی حکمت اور علم کے بہت بڑے خزانے سے شاگردوں کو ترغیب دیتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سناتن دھرم میں گرو کی خاص اہمیت ہے کیونکہ وہ راستبازی کا راستہ روشن کرتے ہیں اور لوگوں کو اندرونی سکون اور روحانی تکمیل کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔