خالد جاوید
کولگام // رام پورہ ریڈونی کولگام میں ہفتے کو شبانہ مسلح تصادم آرائی کے دوران ملی ٹینٹ فرار ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں کم سے کم 2یا 3ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد فسٹ آر آر، 18بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کولگام نے علاقے کو محاصرے میں لیا۔انہوں نے بتایا کہ پونے دس بجے محاصرہ کرنے کے بعد قریب 10بجے ملی ٹینٹوں کیساتھ سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا جس کے بعد طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو مختصر وقت کیلئے جاری رہا۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں روشنی کا انتظام کیا گیا اور آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں انجام دیا گیا۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ رات بھر مکمل خاموشی چھائی رہی اور آپریشن بھی معطل رکھا گیا۔صبح کے وقت ایک بار پھر تلاشی آپریشن کیا گیا لیکن ملی ٹینٹوں کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔اسکے بعدساڑھے 10بجے محاصرہ ختم کیا گیا۔