رام بن// تحصیل رام بن کے ایک چھوٹے سے گاو¿ں چھبہ کے باشندے ان دنوں مسلسل خوف کے تحت راتیں گذار رہے ہیں ۔انہیں یہ ڈر ستا رہا ہے کہ کسی بھی وقت ان کے رہائشی مکانات پر بھاری تودے گر سکتے ہیں۔اس سلسلہ میں سابق سرپنچ نین سنگھ اور محمد شفیع کی قیادت میں ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنی زندگی اور املاک کے خطرے کے بارے میں آگاہ کیا۔ایک تحریری یادداشت میں ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی گئی کہ ان کی زندگی کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی دیوار بنائی جائے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ سڑک کے ساتھ ساتھ ایک بہت بڑی چٹان جو عملاً کام کرنے والی ایجنسی کی طرف سے زمین کاٹنے کے باعث سامنے آئی ہے ، کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی اور املاک کو مسلسل خطرہ ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ اگرمتاثرہ مقام پر دیوار نہیں بنائی گئی تو ان کے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی بٹوت کوفوری طور سے کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔